سعودی حکومت کا وزٹ ویزا فیسوں میں کمی کا اعلان

Last Updated On 06 May,2018 05:53 pm

فیصل آباد(آن لائن) سعودی حکومت نے بھارت سمیت دنیا بھر کے دیگر مما لک کےلئے وزٹ ویزا فیسوں میں کمی کا اعلان کردیا ،جبکہ پاکستان کےلئے کمی نہیں کی ہے پاکستانیوں کا سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیرسے مطالبہ کہ پاکستانیوں کو یہ سہولت فراہم کی جائے ۔

آن لائن کے مطابق سعودی حکومت نے وزٹ ویزا فیسوں میں کمی کردی ہے جبکہ پہلے وزٹ ویزا فیس جو پہلے تین ماہ کے لیئے 2000ریال، چھ ماہ کے لیئے 3000 ریال ، ایک سال کے لیئے 5000 ریال اور دو سال کے لیئے 8000 ریال تھی اب نئی پالیسی کے تحت کمی کرکے تین ماہ کے لیئے 305ریال، چھ ماہ کے لیئے 606 ریال، ایک سال کے لیئے 1000 ریال اور دو سال کے لیئے 1431ریال کر دی گئی ہے۔ اور اس سلسلہ میں ہندوستان سے نئی فیسوں کے ساتھ ویزوں کا اجراء بھی ہو گیا ہے۔ جبکہ پاکستان میں سعودی ویزا سروس مہیا کرنے والے ادارے اعتماد نے بھی ابھی تک فیسوں میں کمی نہیں کی ہے۔

حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ہوپ) کے سابق چیئرمین ٹریول اےجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مرکزی راہنما حافظ شفیق کاشف نے سعودی حکومت کی طرف سے وزٹ ویزا فیسوں میں کمی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے آن لائن کو بتایا پاکستان میں بھی نئی فیسوں کا نفاذ کیا جائے۔ انہوں نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر کے نام ایک خط میں درخواست کی ہے کہ پاکستانی زائرین اور کاروباری حضرات کے لیئے نئی فیسوں کے ساتھ ویزوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے انہوں نے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی سے بھی مطالبہ کیا کہ پاکستان میں جلد نئی فیسوں کا اطلاق کیا جائے۔

حافظ شفیق کاشف نے کہا کہ دونوں ممالک کے تجارتی وفود کے تبادلوں اور دو طرفہ تجارتی سرگرمیوں کے لیئے بے تحاشہ فیسوں میں کمی ناگزیر تھی۔ لہٰذا پاکستان کے ویزا کے لیئے بھی ویزا فیسوں کا تناسب ےہی تھا اس لیئے پاکستانی حکام کو بھی وزٹ ویزا فیسوں میں کمی کرنا ہوگی۔