لاہور: (ویب ڈیسک) شاید ہی دنیا میں کوئی شخص ایسا ہو جو بیک وقت 70 زبانوں میں بات کر سکتا ہو لیکن ایک مسلمان سائنس دان ایسے بھی ہیں جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ 70 زبانیں بولتے تھے۔ آئیے جانتے ہیں کہ اس معلومات میں کتنی صداقت ہے؟
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق معروف مسلمان سائنس دان الفارابی 70 زبانیں اور بولیاں روانی سے بول سکتے تھے۔ الفارابی کا اصل نام ابو نصر محمد الفارابی تھا جو ایک نمایاں سائنس دان تھے اور انہیں "معلّمِ ثانی" کا خطاب دیا گیا۔
معلّمِ اوّل معروف فلسفی ارسطو کو کہا جاتا ہے۔ الفارابی 260 ہجری میں ترکستان میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد فوج میں کمانڈر تھے۔ الفارابی نے بخاریٰ اور بغداد میں تعلیم حاصل کی۔ اس دوران انہوں نے زبان، فلسفہ، موسیقی، طب اور ریاضیات کے علوم کی معرفت حاصل کی۔ اس چیز نے انہیں جامع العلوم سائنس داں بنا دیا۔
الفارابی نے کئی ملکوں کا سفر کیا اور آخرکار 339 ہجری مطابق 950ء دمشق میں 80 برس کی عمر میں ان کی زندگی کا سفر اختتام کو پہنچا۔
معروف مؤرخ ابن خلکان کہتے ہیں کہ الفارابی 70 زبانوں اور بولیوں میں گفتگو کر لیتے تھے۔ بہت سے محققین نے اس بات میں شک کا اظہار کیا ہے تاہم یہ معروف ہے کہ وہ ترکی ، فارسی ، یونانی اور عربی زبان پر عبور رکھتے تھے۔ ابن خلکان نے اپنی کتاب "وفيات الاعيان" میں الفارابی کے سلطان سیف الدولہ کے دربار میں پہنچنے کے موقع پر مختصر مکالمے کا ذکر کیا ہے۔اس مکالمے کے دوران الفارابی نے ایک موقع پر سلطان کو جواب دیتے ہوئے بتایا کہ وہ 70 زبانوں اور بولیوں میں گفتگو کر سکتے ہیں۔