کیلیفورنیا(نیٹ نیوز)امریکی ریاست کیلی فورنیا میں منفرد قسم کی آتشی قوس قزح ’فائر ریمبو‘ نے آسمان پر خوبصورت رنگ بکھیر دیئے جسے دیکھ کر لوگوں کو خوش گوار حیرت کا سامنا ہوا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کیلی فورنیا میں واقع نیشنل پارک میں اس وقت منظر رنگین اور خوبصورت ہوگیا جب آسمان پر قوس قزح کے رنگ مدھم شعلوں کی طرح بکھر گئے ۔ نیلگوں آسمان پر دھنک کے سارے رنگ خوبصورت مصوری کا شاہکار محسوس ہورہے تھے ۔
شہریوں نے ان دلفریب مناظر کو دیکھنے کے لیے قومی پارک کا رخ کیا۔ ایک فوٹوگرافر نے ان مناظر کو فلم بند کر کے پوری دنیا کو اس خوبصورت نظارے سے محظوظ کرنے کا بندوبست کردیا۔ آتشی قوس قزح اُس وقت نمودار ہوتی ہے جب سورج افق سے 58 ڈگری اوپر کی جانب ہو اور سورج سے نکلنے والی شعاعیں بادلوں میں برف کے کرسٹلز سے چھنتی ہوئی زمین تک پہنچ رہی ہوں۔
ایسے دلکش مناظر شاذو نادر ہی دستیاب ہوتے ہیں۔ اسے آتشی قوس قزح کہنے کی وجہ یہ ہے کہ اسے دیکھ کر سب سے پہلے آگ کے دھیمے شعلوں کا گماں ہوتا ہے بالکل ایسا کہ جیسے ہلکی آگ جل رہی ہو اور ہوا چل پڑے تو آگ کے بکھرتے شعلوں میں تمام رنگ نمایاں ہوجاتے ہیں۔