سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غنڈہ گردی جاری، چوبیس گھنٹے کے دوران چودہ افراد کو شہید کر دیا گیا۔ حریت رہنماؤں کی کال پر وادی بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال، شہدا میں ایک پروفیسر اور کم عمر بچے بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی غنڈہ گردی جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 14 بے گناہ کشمیریوں کو شہید جبکہ درجنوں کو زخمی کر دیا گیا ہے۔ دو روز سے لاپتہ پروفیسر کو جعلی مقابلے میں مار دیا گیا ہے۔ اس ظلم وزیاتی کیخلاف وادی بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور جگہ جگہ مظاہرے جاری ہیں۔
شوپیاں میں مقابلے کا ڈرامہ رچا کر قابض فورسز نے پانچ بے گناہ کشمیریوں
کو شہید کر دیا جن میں پروفیسر ڈاکٹر محمد رفیع بٹ بھی شامل ہیں۔ ڈاکٹر محمد رفیع بٹ جمعہ کے روز یونیورسٹی سے واپس آتے ہوئے لاپتہ ہو گئے تھے۔
بڈگام میں گزشتہ روز شہید ہونے والے نوجوان کے جنازے میں شریک ہزاروں افراد پر قابض فورسز نے بندوقوں کے منہ کھول دیے۔ فائرنگ اور شیلنگ سے مزید پانچ نوجوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
دوسری جانب سری نگر سمیت دیگر علاقوں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے یاسین ملک کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا جبکہ میر واعظ
عمر فاروق اور سید علی گیلانی کو ان کے گھروں میں نظر بند کر دیا گیا ہے۔