الیکٹرانک سگریٹ نوشی جان کی دشمن، امریکی شہری سگریٹ پھٹنے سے ہلاک

Last Updated On 18 May,2018 11:28 pm

2009 سے 2016 کے درمیان الیکٹرانک سگریٹ پھٹنے کے 195 واقعات میں 133 لوگ زخمی ہوئے

فلوریڈا: (دنیا نیوز) سگریٹ نوشی کی عادت ترک کروانے کے لئے بنایا گیا الیکٹرانک سگریٹ جان کا دشمن بن گیا، ایک امریکی شہری سگریٹ پھٹنے سے ہلاک ہو گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق 38 سالہ تالمدگے ڈی ایلیا کو ریاست فلوریڈا کے شہر سینٹ پیٹرز برگ میں آگ بجھانے کے عملے نے ان کے جلتے ہوئے بیڈ روم سے نکالا۔ پوسٹ مارٹم سے پتا چلا ہے کہ ان کی ہلاکت الیکٹرانک سگریٹ کے پھٹنے کے بعد اس کے ٹکڑے کھوپڑی میں لگنے سے ہوئی۔

میڈیا کے مطابق 2009 سے 2016 کے درمیان الیکٹرانک سگریٹ پھٹنے کے 195 واقعات پیش آئے جن کے نتیجے میں 133 لوگ زخمی ہوئے۔ گزشتہ برس ایک شخص کی جیب میں الیکٹرانک سگریٹ پھٹنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل رہی۔