او آئی سی کا آج غزہ صورتحال پرہنگامی اجلاس، عرب لیگ کا شہادتوں پرتحقیقات کا مطالبہ

Last Updated On 18 May,2018 11:37 am

قاہرہ: (دنیا نیوز) اسرائیل کی بربریت پر او آئی سی کا غیرمعمولی اجلاس آج منعقد ہو رہا ہے جس میں 57 اسلامی ممالک کے سربراہان مملکت اور نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔ عرب لیگ نے غزہ میں شہادتوں کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کر دیا، ہنگامی اجلاس میں امریکی سفارتخانے کی منتقلی کو مسترد کر دیا گیا۔

اسرائیلی بربریت کےخلاف او آئی سی کا غیرمعمولی اجلاس آج استنبول میں منعقد کیا جا رہا ہے جس میں غزہ میں اسرائیل کی جانب سے 60 فلسطینیوں کی شہادتوں اور امریکی سفارت خانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی سے پیدا ہونے والی صورتحال پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستانی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت اسلامی ممالک کے سربراہان کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

غزہ میں 60 نہتے فلسطینیوں کی شہادتوں کے بعد قاہرہ میں عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں عرب رہنماؤں نے غزہ میں شہادتوں کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ اجلاس سے خطاب میں سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ امریکی سفارت خانے کی منتقلی عالمی قوانین کے منافی ہے، بیت القدس کی حیثیت میں تبدیلی کا کوئی قانونی جواز نہیں۔

فلسطینی وزیرخارجہ نے عرب ممالک کو امریکا سے سفیر واپس بلانے کا مشورہ دے دیا، سیکرٹری جنرل احمد ابوالغیط نے غزہ میں شہادتوں کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

 

Advertisement