مدینہ منورہ میں مقام احد پر تعمیر تاریخی مسجد سید الشہداء

Last Updated On 30 May,2018 09:22 pm

مدینہ منورہ: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں اسلامی تاریخ کے بے شمار تاریخی مقامات موجود ہیں ۔ انہیں مقامات میں سے ایک مشہور زمانہ جنگ احد کے شہداء کی یاد میں تعمیر کی گئی مسجد ہے۔

سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ میں مقام احد پر تعمیر کی گئی مسجد سید الشہداء کو تاریخی حیثیت حاصل ہے ۔ یہ مسجد مشہور زمانہ جنگ احد کے شہداء کی یاد میں تعمیر کی گئی ہے۔ سعودی جریدے کے مطابق "سید الشہداء" مسجد سعودی مذہبی امور و شعبہ دعوت وارشاد کی زیرنگرانی قائم ہے۔

مسجد سید الشہداء اس تاریخی مقام پر قائم ہے، جہاں نبی مہربان حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے صحابہ کرامؓ نے مشرکین مکہ کے خلاف تاریخی جنگ لڑی۔ یہاں پر جنگ میں شہید ہونے والے 70 صحابہ کرام کی آخری آرام گاہیں بھی موجود ہیں۔

ماہ صیام کے موقع پر مسجد نمازیوں اور روزہ داروں سے بھر جاتی ہے۔

اس مسجد کا رقبہ 54 ہزار مربع میٹر ہے جس میں 15 ہزار شہری ایک ہی وقت میں با جماعت نماز ادا کرسکتے ہیں۔