امریکا : کپتان کا دم گُھٹنے کے نتیجے میں طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

Last Updated On 01 June,2018 02:50 pm

کینٹکی (نیٹ نیوز ) امریکی ریاست کینٹکی میں دوران پرواز کپتان کا دم گھٹنے کے سبب ایک مسافر طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

امریکی فضائی کمپنی ایلیجائنٹ ایئر کا طیارہ جمعرات کے روز ایک اندرونی پرواز میں ریاست کینٹکی سے ریاست فلوریڈا جا رہا تھا۔

تاہم کپتان کی صحت کے حوالے سے ہنگامی صورت حال درپیش ہونے کے بعد اس نے اپنا روٹ تبدیل کیا اور اسی ریاست میں گینزوِل ہوائی اڈے پر پر ہنگامی لینڈنگ پر مجبور ہو گیا۔ فوکس نیوز کے مطابق طیارہ جمعرات کی صبح مقامی وقت کے مطابق 7 بجے روانہ ہوا تھا اور 8:30 منٹ پر اس کو گینزوِل ہوائی اڈے کی جانب موڑ دیا گیا۔

گینزوِل فائر بریگیڈ سروس کی جانب سے جاری تصاویر میں A320 طیارے کے محفوظ طریقے سے اترنے کے بعد طیارے کے اطراف ایمبولینس کی گاڑیاں نظر آ رہی ہیں۔ کپتان کو ہسپتال منتقل کرنے سے قبل فوری طبی امداد فراہم کی گئی اور اب اس کی حالت مستحکم ہے۔

مذکورہ فضائی کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ طیارے میں 155 مسافر سوار تھے۔ نئے عملے کے بھیجے جانے کے بعد طیارے نے اپنی منزل مقصود کی جانب سفر جاری رکھا۔ امریکی فضائی کمپنی ایلیجائینٹ ایئر ملک کی نویں بڑی فضائی کمپنی ہے۔