ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سوموار کو مکہ مکرمہ پہنچ گئے ہیں۔ وہ رمضان المبارک کا آخری عشرہ مسجد الحرام میں بیت اللہ کے سائے میں عبادت وریاضت میں مصروف رہ کر گزاریں گے۔
سعودی حکام نے مکہ مکرمہ میں رمضان المبارک کے آخری عشرے کے لیے سکیورٹی کے مزید سخت اور موثر انتظامات کیے ہیں اور مسجد الحرام اور اس کی جانب جانے والے تمام راستوں کی فضائی سکیورٹی اور نگرانی بڑھا دی ہے۔ سکیورٹی فورسز کے ہیلی کاپٹر مسلسل فضا میں گشت کررہے ہیں۔
ایوی ایشن سکیورٹی کے جنرل کمانڈر بریگیڈیئر جنرل حسن آل بسام نے بتایا ہے کہ رمضان المبارک کے لیے سکیورٹی کے طے شدہ منصوبے پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ مسجد الحرام میں آنے والے تمام زائرین پر نظر رکھی جارہی ہے۔