تھائی لینڈ: (دنیا نیوز) تھائی لینڈ کی غار میں 23 جون سے پھنسے بچوں میں سے 6 کو غار سے نکال لیا گیا، حکام کا کہنا ہے کہ دیگر بچوں کو بھی جلد ہی غار سے نکال لیا جائے گا۔
تھائی لینڈ کے غار میں دو ہفتوں سے پھنسے 12 بچوں اور ان کے فٹبال کوچ کو نکالنے کی کوششوں میں بڑی کامیابی، غوطہ خور ٹیم نے 6 بچوں کو بحفاظت غار سے نکال لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ جن بچوں کو غار سے نکالا گیا ہے ان کو غار کے قریب ہی فیلڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان بچوں کا ابتدائی طبی معائنہ کیا جا رہا ہے۔
غار میں پھنسے بچوں اور ان کے کوچ کو نکالنے والے ریسکیو آپریشن کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ کمزور بچوں کو پہلے غار سے نکالا جا رہا ہے۔دیگر بچوں کو بھی جلد ہی غار سے نکال لیا جائے گا۔ ریسکیو ٹیم میں 13 غیرملکی غوطہ خور اور 5 تھائی لینڈ نیوی کے ممبرز شامل ہیں۔ ملٹری ہیلی کاپٹرز موقع پر موجود ہیں جن کے ذریعے بچوں کو ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔