ایتھنیز: (دنیا نیوز) یورپی ملک یونان کے جنگلات میں لگی آگ بےقابو ہو گئی، 20 افراد جھلس کر ہلاک اور ایک سو سے زائد زخمی ہو گئے۔
وسیع و عریض جنگل میں آگ دارالحکومت ایتھنز سے 29 کلومیٹر مشرق میں تفریحی مقام متی کے قریب لگی، حکام کا کہنا ہے کہ آگ مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بجے کے لگ بھگ لگی اور تیزی سے پھیل رہی ہے۔
کئی کلو میٹر کے علاقے میں تیزی سے پھیلتی آگ نے بہت سی عمارات کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ گاؤں چھوڑ کر بھاگنے والے راستے میں ہی اسکی لپیٹ میں آ گئے۔ یونان کی حکومت نے ہمسایہ ممالک سے آگ بجھانے میں مدد کی درخواست کی ہے۔