لاؤس میں ڈیم ٹوٹنے سے 6 دیہات بہہ گئے، 100 افراد لاپتا

Last Updated On 24 July,2018 09:40 pm

اتاپیو: (ویب ڈیسک) ایشیائی ملک لاؤس میں ایک زیر تعمیر ڈیم کے ٹوٹنے سے پانی دیہاتوں میں داخل ہوگیا جس کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد لاپتا اور درجنوں گاؤں زیر آب آگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوب مشرقی ایشیائی ملک لاؤس کے صوبے اتاپیو میں واقع زیرتعمیر ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم ٹوٹنے سے 5 بلین کیوبک پانی 6 دیہاتوں کو اپنے ساتھ بہا لے گیا۔ سیلاب کے باعث 100 سے زائد افراد لاپتا جب کہ 6 ہزار 6 سو افراد بے گھر ہوگئے، لاپتا افراد کے ہلاک ہوجانے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

سیلاب کے باعث تاحد نگاہ پانی ہی پانی ہے جس کی وجہ سے لوگوں نے چھتوں پر پناہ لے رکھی ہے۔ ریسکیو اداروں کو متاثرہ علاقے تک پہنچنے کے لیے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ہیلی کاپٹرز کی مدد سے سیلاب میں پھنسے افراد کی محفوظ علاقے میں منتقلی کا عمل جاری ہے۔