لاہور (دنیا نیوز ) ایشیا اور یورپ میں گرمی کی لہر، جاپان کے بعد جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیؤل میں درجہ حرارت 41 سینٹی گریڈ سے بڑھ گیا، سپین، پرتگال اور جرمنی بھی سورج کے عتاب کا شکار ہونے لگے، ایشیا اور یورپ میں گرمی کی لہر آنے سے جاپان کے بعد کوریا میں بھی سورج نے آنکھیں دکھانا شروع کر دیں۔
دارالحکومت سیؤل میں درجہ حرارت اکتالیس اعشاریہ آٹھ سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تو لوگوں نے شہر کے وسط میں بہنے والی نہر اور پارکوں میں نصب فواروں کا رخ کر لیا۔ گلیوں کو ٹھنڈا رکھنے کے لئے پانی کا چھڑکاؤ کیا گیا۔
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں لوگوں کو گرمی سے بچانے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ شہر کی سیر کو آئے غیر ملکی سیاحوں کو بھی گرمی نے تنگ کر دیا۔ ادھر یورپی ممالک سپین ، پرتگال اور جرمنی میں بھی شدید گرمی نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔