لاہور: (ویب ڈیسک) عراق میں داعش تنظیم کے خلاف برسرِ پیکار بین الاقوامی اتحاد کا کہنا ہے کہ عراق میں ایک عسکری ہیلی کاپٹر گرنے کے نتیجے میں ایک امریکی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔
عسکری اتحاد کی جانب سے پیر کے روز جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ یہ حادثہ اتوار کی شب اُس وقت پیش آیا جب مذکورہ ہیلی کاپٹر انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں ایک مشن میں مصروف تھا۔ بیان کے مطابق تحقیقات جاری ہیں تاہم اس بات کی کوئی دلیل نہیں ملی کہ ہیلی کاپٹر دشمن کی جانب سے فائرنگ کا نشانہ بننے کے سبب گرا۔
امریکا کے زیر قیادت بین الاقوامی اتحاد کے ترجمان نے اتوار کے روز اعلان کیا تھا کہ جب تک داعش تنظیم سے آزاد کرائے گئے علاقوں میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مدد اور معاونت کی ضرورت ہوئی اُس وقت تک امریکی فوج عراق میں رہے گی۔ ابوظبی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کرنل شون رائن کے مطابق عراق میں عسکری طور پر داعش تنظیم کی شکست کے بعد امریکی فوج کے وہاں باقی رہنے کا بنیادی سبب امن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کوششیں کرنا ہے۔