نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارتی صحافی، کالم نگار اور مصنف کلدیپ نیئر 95 برس کی عمر میں چل بسے۔ ان کا کالم "بین السطور" کافی مشہور ہوا، جسے 80 سے زیادہ اخباروں نے شائع کیا تھا، پاکستانی اخبارات کی بھی زینت بنا۔
صحافت کا ایک اور عہد تمام ہوا، بھارتی صحافی، کالم نگار اور مصنف کلدیپ نیئر 95 برس کی عمر میں پرلوک سدھار گئے، کلدیپ نیئر 14 اگست 1923 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، کلدیپ نیئر نے قانون کی ڈگری لاہورسے حاصل کی، یو اے سی اے سے صحافت اور فلسفے میں پی ایچ ڈی بھی کیا۔ کلدیپ نیئر کا شمار نامور صحافیوں میں ہوتا ہے، انہوں نے کالم نگاری بھی کی۔ یواین آئی، پی آئی بی، دی سٹیٹس مین اورانڈین ایکسپریس کے ساتھ طویل عرصے تک منسلک رہے۔ وہ 25 برسوں تک "دی ٹائمز لندن" کے نامہ نگار بھی رہے۔
ان کا کالم "بٹوین دی لائنس" (بین السطور) کافی مشہورہوا، جسے 80 سے زیادہ اخباروں نے شائع کیا گیا جو پاکستانی اخبارات کی زینت بھی بنا، کلدیپ نیئر کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا تھا، پاکستان میں کوئی ادبی محفل ہوتی وہ ضرور پہنچتے، وہ کئی کتابوں کے مصنف بھی رہے۔ بھارت میں ایمرجنسی کے وقت کلدیپ نیئرجیل میں بھی رہے۔ لندن میں بھارت کے ہائی کمشنر بھی تعینات ہوئے۔1997 میں بھارتی ایوان بالا کے رکن کے لیے بھی نامزد کیا گیا۔ گزشتہ طویل عرصے سے علیل تھے، آج چل بسے، ان کی موت پر صحافی برادری میں غم کی لہر دوڑ گئی۔