سری نگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ وادی میں عید کے روز بھی قابض فوج کا ظلم بند نہ ہوسکا، بھارتی فورسز نےنماز عید کے بعد پرامن مظاہرین پر آنسو گیس کے شیلز برسادئیے، حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کا کہنا تھا کہ قابض فوج ظلم کے ذریعے آواز نہیں دبا سکتی۔
مقبوضہ جموں کشمیر میں عید پر بھی قابض بھارتی فوج کا ظلم جاری رہا، مسلمانوں نے بندوقوں کے سائے تلے نماز عید ادا کی، نماز عید کے بعد فضا آزادی کے نعروں سے گونج اٹھی، عید گاہ سے باہر آتے ہی قابض فوج نے پرامن مظاہرین پر آنسو گیس کے شیلز برسا دئیے جس سے کئی افراد زخمی ہو گئے۔
عید کے خطبے کے دوران حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کا کہنا تھا کہ قابض فوج پرامن جدوجہد کو فوجی قوت کے بل پر حل کرنا چاہتی ہے۔
دوسری جانب مسلسل نظر بندی کے باعث حریت رہنما سید علی گیلانی کی صحت روز بروز خراب ہوتی جا رہی ہے، ان کو سینے میں درد کی شکایتپر ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم چیک اپ کے بعد دوبارہ نظر بند کر دیا گیا۔