جوبا: (ویب ڈیسک) جنوبی سوڈان میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ طیارہ جوبا ایئرپورٹ سے یارول ٹاؤن جاتے ہوئے جھیل میں گر کر تباہ ہوا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی سوڈان کے دارلحکومت جوبا کے انٹرنیشل ایئرپورٹ سے یارول ٹاؤن جاتے ہوئے چھوٹا طیارہ جھیل میں گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارہ گرنے کے نتیجے میں جہاز میں سوار 21 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ جہاز کے ملبے سے 6 سالہ بچے سمیت 3 افراد کو تشویشناک حالت میں نکالا گیا ہے۔
مقامی حکام کے مطابق چھوٹے طیارے میں 19 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش تھی لیکن چھوٹے جہاز میں 22 افراد سوار تھے۔ دوسری جانب جنوبی سوڈان کے وزیر اطلاعات نے حادثے میں 17 افراد کی ہلاکت اور 3 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔