تہران (نیٹ نیوز ) ایران کے وسطی شہروں کاشان اور نطنز کے درمیان ایک آئل ٹینکر اور مسافر بس کے درمیان ہونے والے تصادم کے نتیجے میں کم سے کم انیس افراد ہلاک ہوگئے۔
یہ واقعہ جنوبی تہران میں 200 کلو میٹردور اس وقت پیش آیا جب ایک آئل ٹینکر مخالف سمت سے آنے والی بس سے ٹکرا گیا۔
حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ایرانی پولیس کا کہنا ہے کہ بس میں 47 مسافر سوار تھے۔ آئل ٹینکر سے ٹکرانے کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی۔ ایرانی پولیس چیف محمد حسین حمیدی نے بتایا کہ المناک ٹریفک حادثے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں تہران سمیت دوسرے شہروں کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
صدر حسن روحانی نے ٹریفک حادثے کو المناک قرار دیتے ہوئے حادثات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ خیال رہے کہ ایران کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 21 مارچ 2017ء سے 21 مارچ 2018ء تک ٹریفک حادثات میں 16 ہزار 300 افراد لقمہ اجل بنے جبکہ 3 لاکھ 36 ہزار زخمی ہوئے ہیں۔