عراق (نیٹ نیوز ) عراقی پارلیمنٹ کے ارکان ملک کے صدر کے انتخاب کے لیے آج ایک بار پھر اکٹھا ہوں گے۔ اس سے قبل پیر کے روز پارلیمنٹ صدر کی نامزدگی میں ناکام ہو گئی تھی۔
اس پر پارلیمنٹ کے سپیکر نے اجلاس منگل کے روز تک ملتوی کر دیا۔ پارلیمانی ذرائع کے مطابق یہ التوا کُردوں کی دو مرکزی جماعتوں پیٹریاٹک یونین آف کردستان اور کردستان ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ کی درخواست پر عمل میں آیا۔ اس کا مقصد دونوں جماعتوں کو صدر کے منصب کے لیے ایک امیدوار پر متفق ہونے کا موقع دینا تھا۔
واضح رہے کہ عراقی پارلیمنٹ کے سپیکر کی جانب سے صدر کے انتخاب کے لیے 2 اکتوبر تک دی گئی مہلت آج اختتام پذیر ہو رہی ہے۔ صدر کے منصب کے لیے 20 امیدوار میدان میں ہیں جن کی قسمت کا فیصلہ پارلیمنٹ کی چھت کے نیچے ہونے والی رائے شماری کے ذریعے ہو گا۔
ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے یہ بات کہی گئی ہے کہ صدر کے انتخاب میں خلاف توقع اور حیران کن نتیجہ سامنے آ سکتا ہے۔ ادھر کرد ارکان پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ پیٹریاٹک یونین آف کردستان کے برہم صالح اور کردستان ڈیموکریٹک پارٹی کے فواد حسين میں سے کسی ایک کو نامزد کیا جائے گا۔
دوسری جانب پارلیمنٹ میں قانونی امور کی کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ منگل کے روز ہونے والے اجلاس میں لا محالہ صدر کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ووٹنگ میں دو تہائی یا اس سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے امیدوار کو کامیاب قرار دیا جائے گا۔