نیویارک (نیٹ نیوز ) امریکا میں ہفتے کے روز سینیٹ نے بریٹ کیونو کے سپریم کورٹ میں بطور جج تقرّر کی منظوری دے دی ہے۔ اس طرح کیونو پر جنسی ہراس کے الزامات لگنے کے بعد کئی ہفتوں سے ان کے کردار کے حوالے سے جاری متنازع بحث بھی اختتام پذیر ہو جائے گی۔ کیوانو نے اس الزام کی یکستر تردید کر دی تھی کہ انہوں نے نوجوانی کے زمانے میں اپنی ہم جماعت لڑکی کو جنسی ہراس کا نشانہ بنایا تھا۔
ہفتے کے روز سینیٹ میں ہونے والی رائے شماری میں کیوانو کے حق میں 50 جب کہ مخالفت میں 48 ووٹ آئے۔ اس پیش رفت کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک اہم سیاسی فتح سمجھا جا رہا ہے۔
رائے شماری کا وقت قریب آنے سے پہلے ہی پولیس نے سینیٹ کی عمارت کے اطراف سکیورٹی گھیرا ڈال لیا تھا۔
اس دوران دو ہزار کے قریب مظاہرین میں سے جن میں اکثریت خواتین کی تھی ،،، تقریبا 150 افراد عمارت کے باہر قائم کی گئی رکاوٹوں کو عبور کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے 60 سے زیادہ مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔
مظاہرین کی جانب سے کیوانو کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ انہوں نے ہاتھوں میں پوسٹرز بھی اٹھا رکھے تھے جن میں کیوانو کے خلاف ووٹ دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔