عرب ٹی وی میزبان اور یہودی اداکار کو شادی پر تنقید کا سامنا

Last Updated On 15 October,2018 05:27 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف اسرائیلی عرب مسلم خاتون نیوز اینکر لوسی حریش نے یہودی اداکار سے شادی کرلی، جس کے بعد دونوں جانب سے جوڑے پر تنقید کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

اسرائیل کی کابینہ کے وزیر اور ایک سخت گیر رکن اسمبلی نے ایک عرب ٹی وی میزبان اور نیٹ فلیکس سیریز ’فوضی‘ کے ایک یہودی اداکار کی شادی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ لیکن آن لائن لوگوں نے ان تنقید کو مسترد کرتے ہوئے اس شادی کی تعریف کی۔ اس شادی کے بارے میں شروع میں لوگوں کو نہیں بتایا گیا تھا جس کی وجہ مبینہ طور پر ابھرنے والی مخالفت سے بچنا تھا۔

37 سالہ اسرائیلی عرب لوسی ھریش نے 47 سالہ اداکار تساحی ھليفی سے بدھ کو شادی کی تھی۔ لوسی ھریش جنوبی اسرائیل کے قصبے دیمونا میں ایک مسلمان گھرانے میں پیدا ہوئی تھیں، انھیں عبرانی زبان پر عبور حاصل ہے اور وہ اسرائیلی ٹیلی وژن پر عبرانی زبان کے پروگرام کی میزبانی کرنے والی پہلی عرب میزبان ہیں۔ آج کل وہ اسرائیل کے نجی ٹی وی چینل ’ریشت‘ میں صبح کے وقت حالات حاضرہ کے پروگرام کی میزبانی کر رہی ہیں۔

نیٹ فلکس کی پیش کردہ معروف ٹی وی سیریز فودہ میں اداکار تساہی نے ایک انڈر کورر ایجنٹ کا کردار ادا کیا ہے، جو موجودہ اسرائیل فلسطین تنازعہ کی روشنی میں لکھا گیا ہے۔ اس معروف ٹی وی سیریز کے دو سیزن آن ایئر ہوچکے ہیں۔