کوالالمپور: (ویب ڈیسک) ملائشیا کے احتساب کمیشن نے سابق نائب وزیراعظم احمد زاہد حامدی کو کرپشن کیس میں گرفتار کرلیا۔
احتساب ادارے کی تحقیق کے مطابق احمد زاہد حامدی پرایک فلاحی ادارے کے فنڈز میں خرد برد کرنے کے الزامات ہیں۔ احمد زاہد ملائشیا کی اپوزیشن جماعت مالے نیشنل آرگنائزیشن کے سربراہ تھے جو مئی 2018 کے انتخابات سے پہلے 60 سال سے ملائیشیا کی حکمراں جماعت تھی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق احمد زاہد پرالزام ہے کہ انہوں نے اپنے خاندان کی زیر صدارت فاونڈیشن کے فنڈز کا ذاتی استعمال کیا۔ احمد زاہد نے ان الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کریڈٹ کارڈ کے بل ایک ملازم نے ادا کیے اور انہوں نے بعد میں یہ رقم واپس کر دی۔ ملائیشیا کے احتساب کمیشن کا کہنا ہے کہ احمد زاہد کو اختیارات کے بے جا استعمال اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں گرفتار کیا گیا۔
کمیشن کے مطابق جمعہ کے روز احمد زاہد کو منی لانڈرنگ اور کرپشن کے مقدمات میں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ حکام نے متعدد افراد کو ملک سے باہر جانے سے روکنے کے لیے ان کے بیک اکانٹس منجمند کر دیے۔