استبول: (دنیا نیوز) جمال خشوگی کے معاملے پر ترک پولیس نے تفتیش کا دائرہ کار بڑھا دیا۔ ترک پولیس لاش کی تلاش کے لیے جنگل اور کھیتوں میں پہنچ گئی۔ امریکی صدر نے بھی کہہ دیا کہ بظاہر جمال خشوگی کی ہلاکت یقینی دکھائی دیتی ہے۔ ادھر روسی صدر کا کہنا ہے الزامات کی بنیاد پر سعودی عرب سے تعلقات خراب نہیں کریں گے۔
استنبول کے سعودی قونصل خانے میں صحافی جمال خشوگی کی پر اسرار گمشدگی کے معاملے پر ترک حکام کا کہنا ہے کہ ایسا ہوسکتا ہے کہ ان کی لاش کو قریبی جنگل یا کھیتوں میں ٹھکانے لگایا گیا ہو۔ ترک پولیس اش کی تلاش کے لیے قریبی جنگل اور کھیتوں میں پہنچ گئی۔
امریکی صدر ٹرمپ کہتے ہیں ایسا یقینی دکھائی دیتا ہے کہ جمال خشوگی ہلاک ہوچکے ہیں۔ یہ افسوس ناک ہے۔ تاہم انہیں تحقیقات کے نتائج کا انتظار ہے، امریکا معاملے کی تہہ تک جائے گا۔
امریکی میڈیا کے مطابق وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے صحافی کے مبینہ قتل کی آڈیو ریکارڈنگ سنی ہے۔روسی صدر پیوٹن نے کہا ہے کہ گمشدہ صحافی جمال خشوگی کے ساتھ کیا ہوا، انہیں کچھ معلوم نہیں، محض الزامات کی بنیاد پر سعودی عرب سے تعلقات خراب نہیں کر سکتے۔