لاہور: (دنیا نیوز) غزہ میں کشیدگی پھر عروج پر ہے، اسرائیلی فوج کی بمباری اور فائرنگ سے حماس کے کمانڈر سمیت 7 افراد شہید ہوگئے۔ جھڑپوں میں ایک صہیونی لیفٹیننٹ کرنل ہلاک اور ایک فوجی زخمی ہوا۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو فرانس کا دورہ مختصر کر کے تل ابیب پہنچ گئے۔
عالمی برادری کی سرد مہری نے سرد خانے آباد کر دیئے، مشرق وسطی میں ایک اور جنگ کے بادل منڈلانے لگے۔ اسرائیلی فورسز کی غزہ پر بمباری اور فائرنگ سے کئی فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فورسز نے خان یونس کےعلاقے میں گھس کر حماس کے کارکنوں پر فائرنگ کی۔ عینی شاہدین کےمطابق اسرائیلی طیاروں نے بمباری بھی کی۔
حماس کے ترجمان نے کارروائی کو اسرائیل کا بزدلانہ حملہ قرار دیا ہے۔
اسرائیل نے غزہ میں جھڑپ کے دوران ایک لیفٹیننٹ کرنل کی ہلاکت اور فوجی کے زخمی ہونے کی تصدیق کر دی جس کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو پیرس کا دورہ مختصر کرکے تل ابیب واپس آگئے ہیں۔
غزہ میں شہید فلسطینی کا جنازہ اٹھنے پر کہرام مچ گیا، شہید کے نمازجنازہ میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔