امریکہ اور طالبان کے درمیان براہ راست مذاکرات کل قطر میں ہوں گے

Last Updated On 16 December,2018 09:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکہ اور طالبان کےدرمیان براہ راست مذاکرات کا اگلا دور کل قطر میں ہو گا۔ امریکی وفد کی قیادت افغان مفاہمتی عمل کیلئے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کریں گے، طالبان وفد میں قطر آفس کے نمائندے شریک ہوں گے۔

دوحہ میں امریکہ طالبان مذاکرات کا آئندہ دور کل ہو گا جس میں پاکستان کا خاموش کردار ہے۔ پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت افغان مفاہمتی عمل کی بھرپور حامی ہے، مذاکرات میں اب تک کوئی ٹھوس پیشرفت نہیں ہو سکی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کل ہونے والے مذاکرات میں امریکی وفد کی سربراہی زلمے خلیل زاد کریں گے۔ طالبان وفد کی قیادت عباس ستنک زئی کر رہے ہیں جو طالبان سیاسی دفتر کے سربراہ ہیں۔ افغان مفاہمتی عمل کے لئے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے حالیہ دورہ پاکستان میں مذاکرات پر مشاورت کی گئی تھی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ امریکہ طالبان تین روزہ مذاکرات کا پہلا دور دوحہ جبکہ دوسرا دبئی میں ہوگا، دوسرے دور میں افغان حکومت بھی شریک ہو گی، مذاکرات میں پاکستان براہ راست شریک نہیں تاہم کسی فریق کو اگر کوئی بھی شکایت ہوئی تو پاکستان اپنا محدود کردار ادا کرے گا۔