خاشقجی قتل کیس کے پانچ ملزمان کو سزائے موت کی سفارش

Last Updated On 05 January,2019 10:51 pm

ریاض:(آن لائن) جمال خاشقجی قتل کے گیارہ ملزمان پر سرکاری استغاثہ کی جانب سے فرد جرم عائد کردی گئی اور انہیں شرعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔استغاثہ نے پانچ ملزمان کو سزائے موت دینے کی سفارش کی ہے ۔

ملزمان نے اپنے خلاف فرد جرم سن کر اپنی صفائی میں بیان جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کی جس پر فوجداری عدالت نے انہیں فوجداری قانون کی دفعہ 136 کے تحت مخصوص دورانیہ کی مہلت دے دی۔سعودی پبلک پراسیکیوٹر شیخ سعود المعجب کے مطابق صحافی جمال خاشقی کے قتل کیس کی جمعرات کو ریاض کی فوجداری عدالت میں سماعت ہوئی ۔ سعودی پبلک پراسیکیوٹر کے مطابق خاشقجی قتل کے حوالے سے شواہد اور دیگر یکارڈ طلب کرنے کے لیے ترک سرکاری استغاثہ کو دو بار باضابطہ درخواست بھیجی گئی مگر ترک حکام نے دونوں بار درخواستوں کا کوئی ٹھوس جواب نہیں دیا۔ دْوسری جانب سعودی عرب کے ہیومن رائٹس کمیشن نے سعودی استغاثہ کی خاشقجی قتل کیس میں پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حکومت نے ملزمان پر مقدمہ چلانے کا وعدہ پورا کر دکھایا ہے ، قتل میں ملوث تمام افراد کو عبرتناک سزا ملنی چاہیے ۔