افغان فورسز کا مختلف صوبوں میں آپریشن، 52 عسکریت پسند ہلاک

Last Updated On 04 January,2019 05:52 pm

کابل: (ویب ڈیسک) افغان فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف صوبوں میں آپریشن کے دوران 52 عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

افغان نیوز ایجنسی خاماں پریس کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے طالبان کے مختلف گروہوں اور داعش خراسان کیخلاف کارروائیاں کیں۔

رپورٹ کے مطابق جن صوبوں میں آپریشنز کیے گئے ان میں قندھار، ننگر ہار، پکتیکا، کپیسا، پکتیا، غزنی، ڈائی کنڈی، فریاب، فراہ، بدغیس، فاریاب اور ہلمند شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق صوبہ پکتیکا کے ضلع سروبی میں فضائی حملے کے دوران 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 طالبان مارے گئے جب کہ صوبہ فاریاب کے ضلع المر میں سیکیورٹی فورسز کی زمینی کارروائی میں 13 طالبان عسکریت پسند ہلاک ہوگئے جب کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے زیراستعمال متعدد سرنگیں تباہ کردی گئیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ضلع ٹرنکوٹ میں کلئیرنس آپریشن کے دوران 4 طالبان مارے گئے، اسی طرح صوبہ ہلمند کے ضلع سنگن میں گشت کے دوران فورسز اور طالبان کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں 7 عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔

افغان سیکیورٹی فورسز نے دعویٰ کیا کہ آپریشن کے دوران صوبہ کپیسا میں کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو بارودی سرنگوں سے پاک کرتے ہوئے طالبان کو پسپا کردیا گیا ہے جہاں کارروائی کے نتیجے میں 8 طالبان دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

افغان فورسز نے صوبہ ننگرہار کے ضلع دہ بالا میں کلئیرنس آپریشن کے دوران داعش سے تعلق رکھنے والے 4 افراد کو ہلاک کیا اور 8 سرنگوں کو تباہ کردیا، فورسز نے صوبہ لوگر کے ضلع چارخ میں بھی کلئیرنس آپریشن کیا جس کے دوران 12 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔