واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستانی قیادت سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کر دیا۔ انہوں نے کہا وہ پاکستان سے بہت اچھے تعلقات چاہتے ہیں اور پاکستان کی نئی قیادت سے مستقبل میں جلد ملاقات کے منتظر ہیں۔
واشنگٹن میں کابینہ میٹنگ کے موقع پر صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان سے زبردست تعلقات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم طالبان سے اور دوسرے لوگوں سے بات چیت کر رہے ہیں، امریکا ہزاروں میل دور رہ کر ہی افغانستان میں کیوں لڑے، پاکستان اور روس کو بھی افغانستان میں مزید کردار ادا کرنا چاہیے۔ صدر ٹرمپ نے امریکا کے گزشتہ موقف کے برعکس افغانستان میں روس کی مداخلت کو بھی درست قرار دیا۔
امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ نریندر مودی نے افغانستان میں لائبریری بنا کر بار بار جتایا، بھارت نے جتنے پیسوں میں لائبری بنائی، امریکا اتنے افغانستان میں 5 گھنٹے میں خرچ کر دیتا ہے۔