سری نگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں نوجوانوں کی شہادت پرمودی حکومت کے خلاف آج مکمل ہڑتال ہے۔ مظاہروں کے خوف سے بھارتی فوج نے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کر کے مکمل ناکہ بندی کر رکھی ہے۔
ترال میں حریت رہنما کی شہادت کی چوتھی برسی پر نوجوانوں اور بھارتی فوج کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ گذشتہ چند روز کے دوران نوجوانوں کی پے در پے شہادتوں پر بھارتی حکومت کے خلاف پلوامہ اور شوپیاں میں مکمل ہڑتال ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ اور کاروبای مراکز بند ہیں۔
بھارتی فوج نے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کر کے کرفیو کی فضا قائم کر رکھی ہے، انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بند کر دی گئی۔ عوامی احتجاج اور مظاہروں سے خوفزدہ بھارتی حکومت نے یوم جمہوریہ کے موقع پر مقبوضہ وادی میں بھاری نفری تعینات کی تھی جو تاحال موجود ہے۔ اس کے باوجود کشمیریوں کا جوش و جذبہ کم نہیں کیا جا سکا اور آج ہڑتال کے دوران حریت قیادت کی طرف سے بھرپور عوامی احتجاج اور مظاہروں کی کال دی گئی ہے۔