وادی: (دنیا نیوز) بھارت کے یوم جمہوریہ کو کشمیری یوم سیاہ کے طور پر منارہے ہیں، بھارتی مظالم کے خلاف مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے، غاصبانہ قبضے کے خلاف احتجاج اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔
بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں رہنے والے کشمیری عوام بھارت کے غاصبانہ قبضے اور بدترین ظلم کے خلاف یوم سیاہ منا رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں گھر گھر سیاہ پرچم لہرا دیئے گئے۔
میر واعظ عمر فاروق، سید علی گیلانی اور یاسین ملک کی اپیل پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے۔ کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے اور ٹرانسپورٹ معطل ہے۔ بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے احتجاج کو دبانے کے لئے غیر اعلانیہ کرفیو نافذ کر کے وادی کو فوجی چھاؤنی میں بدل دیا۔ انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند ہے۔ کٹھ پتلی انتظامیہ کے تمام حربوں کے باوجود کشمیری آج بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکال رہے ہیں۔
یاد رہے برطانوی راج سے آزاد ی کے بعد بھارتی پارلیمنٹ نے 26 جنوری 1950 میں آئین ہند کو حتمی شکل دی۔ اس دن بھارت میں سرکاری سطح پر یوم جمہوریہ کے طور پر منایا جاتا ہے جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور پوری دنیا میں بسنے والے کشمیری اسے یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔