سرینگر: (ویب ڈیسک) بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی میں اندھا دھند فائرنگ کر کے مزید 3 نوجوانوں کو شہید کر دیا جس پر کشمیریوں نے شدید احتجاج اور بھارتی فوجیوں پر پتھراو کیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق طاقت کے نشے میں چُور بھارتی فوجیوں نے بارہ مولا کے علاقے میں فائرنگ کر کے مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ دوسری جانب وادی میں شدید سردی کے باوجود ضلع پلواما اور شوپیاں میں نام نہاد حکومت کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرنے کے باوجود ہزاروں افراد گزشتہ روز مارے جانے والے کشمیریوں کی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔ نماز جنازہ کے بعد شدید احتجاج کیا گیا اور بھارتی فوجیوں پر پتھراو ہوا جس سے بھارتی فوجی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ مظاہروں کو روکنے کے لیے ضلع پلواما اور شوپیاں میں بھارتی فوج کی بھاری نفری تعینات تھی تاہم وہ بپھرے ہجوم کو کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آئے۔
یاد رہے کہ بھارتی حکومت کے احکامات پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے اور پیر سے اب تک شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔