پیرس: (دنیا نیوز) مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپوں کے دوران دھماکے سے ایک احتجاجی کارکن زخمی ہو گیا۔ کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔ مظاہرین نے پیرس کی سڑکوں پر ادھم مچا دیا۔
فرانس میں پیلی جیکٹ والے مظاہرین کے احتجاج کا 13واں ہفتہ، مہنگائی اور صدر میخواں کی معاشی پالیسیوں کے خلاف مظاہرین نے پیرس کی سڑکوں کو میدان جنگ بنائے رکھا۔
پولیس کے ساتھ جھڑپوں کے دوران چھوٹے دھماکے میں ایک احتجاجی کارکن کی انگلیاں ٹوٹ گئیں۔ مظاہرین نے کئی گاڑیوں کو نذرِ آتش کر دیا۔ پولیس اہلکار گھوڑوں پر سوار ہو کر پیرس کی سڑکوں پر گشت کرتے رہے۔ مظاہرین کو منتشرکرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔
حکام کے مطابق ملک بھر میں بارہ ہزار مظاہرین سڑکوں پر نکلے، چار ہزار مظاہرین نے صرف پیرس میں احتجاج کیا۔ خیال رہے کہ 17 نومبر سے جاری احتجاج میں اب تک 10 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔