وادی: (دنیا نیوز) پلوامہ خودکش حملے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ گجرات کے قصائی مودی نے وادی میں بھارتی فوج کو قتل عام کی کھلی چھٹی دے دی۔
خطے کی چودھراہٹ کا خواب دیکھنے والا بھارت پلواما میں فوجیوں پر حملے سے بوکھلا گیا، اپنے عوام کو رام کرنے کے لیے پاکستان کے خلاف آگ اگلنا شروع کر دی۔ بھارتی وزیراعظم نے بغیر سوچے سمجھے پلواما حملے کا الزام پاکستان پر دھر دیا۔ نریندر مودی کا کہنا تھا ہمسایہ ملک اگر سمجھتا ہے کہ ایسے واقعات سے بھارت کو تباہ کر دے گا تو یہ اس کی بھول ہے۔ بھارتی وزیر ارون جیٹلی نے بھی حملے کا الزام پاکستان کے سر دھرا اور موسٹ فیورٹ نیشن کا درجہ واپس لینے کا اعلان کر دیا۔
بھارت کی حرکتوں پر نظر رکھنے والے حلقے پلواما حملے پر بھی سوال اٹھا رہے ہیں کہ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے پہلے اتنا بڑا واقعہ معنی خیز ہے۔ ماضی کے تجربات سے تو یہی لگتا ہے کہ بھارت پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے اپنا نقصان کرنے سے بھی گریز نہیں کرتا۔