نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی جیل میں قید پاکستانی شہری انتہا پسند ہندو قیدیوں کے حملے میں جاں بحق ہو گیا۔ بھارتی جیل حکام کا کہنا ہے کہ واردات میں 2 بھارتی قیدی ملوث ہیں۔ جاں بحق پاکستانی شہری کو قابل تعزیر جرم کے بغیر ہی بھارتی جیل میں قید کیا گیا تھا۔
بھارتی وزیراعظم مودی کے جنگی جنون نے پہلے سے سزا کاٹتے ہندو جرائم پیشہ افراد کو سزائے موت کی کال کوٹھڑی میں دھکیل دیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پلواما حملے کا بہانہ بنا کر پاکستانی شہری کو قتل کیا گیا۔
رواں جنوری میں پاکستان نے بھارت کے ساتھ معاہدے کے پیش نظر 537 قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کیا تھا جن میں 54 پاکستانی شہری اور 483 مچھیرے شامل ہیں۔ بھارتی دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے قیدیوں تک قونصلر رسائی کے ذریعے ان کی رہائی ممکن بنائی جائے گی۔
سال 2008 میں طے پانے والے معاہدے کے تحت دونوں ممالک سال میں دو مرتبہ جنوری اور جولائی کے مہینوں میں قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کم از کم 347 پاکستانی شہری جن میں 98 مچھیرے ہیں بھارتی جیلوں میں مقامی پولیس کے خودساختہ قائم کئے گئے مقدمات کی جبری سزا بھگت رہے ہیں۔