کرائسٹ چرچ: (دنیا نیوز) نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کا بڑا واقعہ پیش آیا جس میں انتہا پسندوں نے پُرامن مسلمانوں کو ہدف بنایا تاہم مقامی افراد زخمیوں کی مدد کرتے رہے، ایک خاتون کا کہنا تھا کہ چھیاسٹھ سالہ زندگی میں ایسا ہولناک واقعہ نہیں دیکھا۔
ایک لڑکا جو دوسری سائید پرتھا، اس نے تین زخمیوں کواپنی کار میں بٹھایا اور ہسپتال لے گیا۔ سڑک پر زخمی ایک نوجوان اپنی بیوی کو فون کرنے کی کوشش کر رہا تھا، ایک 66 سالہ راہ گیر خاتون نے اس کی مدد کی اور فون پر بات کرنے میں مدد کرتے ہوئے اس کی بیوی کو بتایا کہ تمہارے شوہر کو مسجد کے باہر گولی لگی ہے لیکن تم یہاں نہ آنا یہاں خطرہ ہے، ہسپتال جا کر اپنے شوہر کا انتظار کرو۔
خاتون اس نوجوان کی بیوی کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھی، وہ ہسپتال میں اپنے شوہر کا انتظار کر رہی تھی اور کچھ ہی دیر بعد بیچارا شوہر سڑک پر ہی مر گیا، بزرگ خاتون کا کہنا تھا کہ انھوں نے کبھی ایسا نہیں سوچا، "میں چھیاسٹھ سال کی ہوں اور میں نے اپنی زندگی میں ایسا واقعہ نہیں دیکھا، نیوزی لینڈ توبالکل بھی نہیں"۔
انھیں کہا گیا کہ "آپ نے لڑکے کا خیال رکھنے کے لیے ایک ہیرو کا کردار ادا کیا"، خاتون نے کہا "نہیں میں نے کوئی خاص کام نہیں کیا، آپ بھی وہی کرتے جو اس وقت کرنا چاہئے تھا، میری خواہش رہے گی کہ میں مزید کچھ کر سکتی"۔