برلن: (ویب ڈیسک) چالباز جرمن خاتون 28 سالہ انا سوروکن کو چار سال کی قید سنا دی گئی۔ عدالت نے انہیں متاثرہ افراد کے 2 لاکھ ڈالر واپس کرنے کا حکم دینے کے ساتھ 24 ہزار ڈالر جرمانہ بھی کر ڈالا۔
ججوں نے اپنے فیصلے میں انہیں 4 سے 12 سال تک کی سزا سنائی۔ سوروکن چار سال بعد ضمانت پر جیل سے باہرآئینگی تاہم یہ فیصلہ بھی ایک کمیٹی کرے گی۔ جج ڈیانا کیسل کے مطابق میں اس دھوکہ دہی کی وسعت دیکھ کر دنگ رہ گئی۔
امریکا میں خود کو کروڑ پتی کے طور پر پیش کرنے والی جرمن شہری ’انا سوروکن‘ نے مین ہیٹن کی اشرافیہ کے ساتھ میل جول بڑھا کر پرتعیش زندگی گزاری۔ سزا سنانے سے قبل انہوں نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی غلطی پر معافی چاہتی ہوں تاہم عدالت نے معافی کو مسترد کرتے ہوئے انہیں چار سال کی سزا سنا دی۔
مقدمے کی دستاویزات کے مطابق بڑے ماہرانہ انداز میں جھوٹ بولنے اور خود اعتمادی کی وجہ سے وہ مختلف بینکوں سے دس ہزار ڈالر تک قرض لینے، نجی ہوائی جہاز میں مفت سفر کرنے اور نیو یارک کے علاقے مین ہیٹن کے پرتعیش ہوٹلوں میں کرایہ ادا کیے بغیر قیام کرنے میں کامیاب رہیں۔