بریگزٹ ڈیل پر دبائو: برطانوی وزیراعظم کے مستعفی ہونے کا امکان

Last Updated On 24 May,2019 01:21 pm

لندن: (دنیا نیوز) بریگزٹ ڈیل پر دبائو کی وجہ سے برطانوی وزیراعظم تھریسامے 24 مئی کو مستعفی ہو سکتی ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق تھریسامے پر ان کی اپنی پارٹی کے ارکان کی طرف سے مستعفیٰ ہونے کیلئے دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔ اخبار دی ٹائمز لندن کے مطابق تھریسامے جمعے والے دن استعفی دے سکتی ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق کابینہ کے اکثر ارکان کا دعویٰ ہے کہ وزیراعظم تھریسامے اب اپنی سیٹ پر قائم نہیں رہ سکیں گی۔ جبکہ سیکرٹری خارجہ امور جرمی ہنٹ نے کہا ہے کہ تھریسامے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے تک وزیر اعظم رہیں گی۔

دوسری طرف برطانیہ کی پارلیمانی امور کی وزیر آندریا لَیڈسم مستعفی ہو گئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں یقین نہیں رہا کہ وزیراعظم تھریسامے کی حکمت عملی کے ذریعے بریگزٹ ریفرنڈم کے نتیجے میں سامنے آنے والی عوامی خواہشات پر عمل درآمد کیا جا سکتا ہے۔

 

میڈیا کے مطابق آندریا لَیڈسم نے یہ بات وزیراعظم تھریسامے کے نام ایک خط میں لکھی۔ بریگزٹ کی حامی لَیڈسم نے وزیر اعظم کے ان ارادوں پر بھی تنقید کی کہ یورپی یونین سے اخراج کے موضوع پر ایک نئے عوامی ریفرنڈم کا ممکنہ فیصلہ ملکی پارلیمان کو کرنا چاہیے۔

یاد رہے کہ برطانوی وزیراعظم کو بریگزٹ معاملے پر پارلیمان میں تین بار شکست ہو چکی ہے جبکہ اپوزیشن پارٹی کی جانب سے وزیراعظم کو مستعفی ہونے کا بھی کہا جا رہا ہے۔