تہران: (دنیا نیوز) ایرانی نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ جنگ کے لیے تیار ہے، وائٹ ہاؤس میں کچھ افراد خطے کو جنگ کے میدان میں دکھیلنا چاہتے ہیں تاہم تہران کی خواہش ہے کہ مذاکرات کے ذریعہ معاملات کو حل کرلیا جائے۔
ایران نے امریکا کے ساتھ ممکنہ جنگ کیلئے تیاری کر لی، نائب وزیر خارجہ عباس اراکچی نے واشنگٹن کو خبردار کر دیا۔ روسی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی نائب وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ایران کی خواہش ہے کہ معاملات مذاکرات کے ذریعے حل ہوں، تاہم وائٹ ہاؤس میں کچھ ایسے افراد ہیں جو مشرق وسطیٰ کو جنگ میں جھونکنا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب امریکی قومی سلامتی کے مشیر جون بولٹن نے الزام عائد کیا ہےکہ متحدہ عرب امارات کی سمندری حدود میں تیل بردار جہازوں کو ایران نے نقصان پہنچایا تھا۔