سری نگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا ریاستی جبر جاری ہے، ضلع اننت ناگ، پلواما، کلگام، شوپیاں اور بانڈی پورہ میں بھارتی فوج سرچ آپریشن کر رہی ہے جس کے دوران بی دورا گاوں میں اندھا دھند فائرنگ کر کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔
قابض بھارتی فوجیوں کی جانب سے چیک پوسٹوں پر تلاشی کے بہانے طویل قطاروں میں بچوں اور بزرگوں کو گھنٹوں کھڑا رکھنے، بندوق دکھا کر خواتین کو ہراساں کرنے اور گھروں کی تلاشی کے بہانے چادر اور چار دیواری کی پامالی بھارتی فورسز کا معمول بن چکے ہیں۔
ضلع اننت ناگ میں بھارتی فوج نے بی دورا گاؤں میں ٖفائرنگ بھی کر دی۔ بھارتی فوج لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے علاقے میں مسلسل گشت کر رہی ہے۔ قابض فوج پلواما، کلگام، شوپیاں اور بانڈی پورہ میں بھی سرچ آپریشن کر رہی ہے۔ اننت ناگ میں کشمیریوں نے ظالمانہ کاروائی کے خلاف احتجاج کیا۔