نئی دہلی: (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی امور، سٹرٹیجک اور خطے کی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مائیک پومپیو جو اس وقت بھارت کے دورے پر ہیں نے نریندر مودی سے ملاقات کی۔ پومیو کا کہنا تھا کہ امریکہ اور بھارت کے درمیان مل کر کام کرنے سے سٹرٹیجک پارٹنر شپ بڑھے گی۔ چاہتے ہیں بھارت روس سے دور رہے اور ایس 400 میزائل نہ خریدے جس پر نئی دہلی اور ماسکو کے درمیان ڈیل چل رہی ہے۔
دوسری طرف جی 20 میں ہونے والی ملاقات کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر روس کیساتھ معاہدے سے دور رہنے پر زور ڈالیں گے۔ اُدھر مودی بھی چاہتے ہیں کہ ٹرمپ 29 بھارتی اشیاء پر جو ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں وہ ختم کریں۔
یاد رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو منگل کی رات کو نئی دہلی پہنچے تھے۔ بھارت سے قبل سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور افغانستان بھی گئے تھے۔ اس دورے کے دوران امریکی وزیر خارجہ ایران کے ساتھ کشیدگی میں واشنگٹن کے لیے زیادہ سے زیادہ حمایت حاصل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ وہ ایک ایسے وقت پر بھارت گئے ہیں، جب امریکا اور بھارت کے مابین تجارت اور محصولات کے شعبے میں باہمی کھچاؤ مسلسل زیادہ ہوتا جا رہا ہے۔