مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید ایک نوجوان شہید

Last Updated On 26 June,2019 09:51 pm

سری نگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں مزید ایک نوجوان شہید ہو گیا، بھارتی ریاستی درندگی کے خلاف کشمیری سڑکوں پر نکل آئے اور آزادی کے حق اور بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔

ضلع پلواما کے علاقے ناگبل میں بھارتی فوج نے گھر گھر تلاشی کے دوران کشمیری نوجوان کو شہید کیا۔ ظالمانہ کارروائی کے خلاف کشمیری سڑکوں پر نکل آئے۔

مظاہرین پر بھارتی فوج نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پیلٹ گن کے کارتوس چلائے اور آنسو گیس کے شیل پھینکے۔ پیلٹ گنز کے چھرے لگنے سے متعدد نوجوان شدید زخمی ہو گئے جنہیں مقامی نوجوانوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ہسپتال منتقل کیا۔ مظاہرین بھارتی فوج کی فائرنگ کے باوجود مودی سرکار کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر دی گئی ہے۔