سری نگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی فوجی دہشت گردی جاری ہے، قابض فوجیوں نے ضلع اننت ناگ میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کر کے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
بھارتی فوج نے بیج بہاہ کے گاؤں واگھوما میں آبادی کو گھیرے میں لے ناکہ بندی کر دی، آنے جانے والے شہریوں کو ہراساں کیا اور تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
بعد ازاں قابض فوج نے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کر دیا، ظالمانہ اقدام کرتے ہوئے چادر اور چار دیواری کی پامالی پر مزاحمت کرنے والے 2 نہتے نوجوانوں کو اندھا دھند گولیوں کا نشانہ بنا دیا۔ قابض فورسز کا علاقے مجیں تاحال گشت جاری ہے اور انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی بند کر دی گئی ہے۔
کشمیری عوام نے خوف و ہراس کی فضا کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے بھارتی فوج اور مودی حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ یاد رہے گزشتہ روز بھی مقبوضہ وادی میں کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا تھا۔