بیجنگ: (ویب ڈیسک) امریکا اور چین میں نیا تنازعہ شدت اختیار کر گیا۔ بیجنگ نے واشنگٹن کو کہا ہے کہ تائیوان کو اسلحہ بیچنے کے معاہدے کو فوراً منسوخ کیا جائے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے امریکا سے تائیوان کو اسلحہ بیچنے کے معاہدے کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ تائیوان کو 2.2 ارب ڈالر کے اسلحہ فروخت کی ڈیل فورا منسوخ کی جائے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ جنگ شوینگ کا کہنا ہے کہ اسلحہ بیچنے کے معاہدے میں ٹینک اور طیارہ شکن میزائل بھی شامل ہیں، چین نے امریکا کے ساتھ رسمی احتجاج ریکارڈ کرادیا ہے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا کا تائیوان کو اسلحہ بیچنا چین کی خود مختاری پر حملہ ہے۔ کوئی ہمیں نیچا نہیں دکھا سکتا، ہم اپنی خود مختاری کا تحفظ کرنا جانتے ہیں۔
یاد رہے کہ تائیوان اور امریکہ کے درمیان ہونے والی اسلحہ ڈیل میں واشنگٹن تائیوان کو 108 کے قریب البم ٹینک، 250 کے قریب سٹینگر پورٹ ایبل اینٹی کرافٹ میزائل دے گا۔