یمن: دو مختلف واقعات میں 40 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 51 افراد ہلاک

Last Updated On 02 August,2019 07:35 am

صنعاء: (ویب ڈیسک) یمن میں دو مختلف واقعات میں 51 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ مرنے والوں میں 40 سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں جبکہ 56 کے قریب افراد زخمی ہوئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پہلا واقعہ پریڈ کے لیے الجلال ملٹری کیمپ میں اکٹھے ہونے والے اہلکاروں پر حملہ ہوا، اس حملے میں 40 افراد ہلاک ہوئے۔

سکیورٹی سے وابستہ اہلکار کا کہنا تھا کہ مرنے والوں میں فوج کے کئی کمانڈرز بھی شامل ہیں۔ جنہیں پریڈ پر حملے کے دوران نشانہ بنایا گیا۔

فوج کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ میزائل حملہ اس وقت ہوا جب سکیورٹی اہلکار پریڈ کے لیے الجلال ملٹری کیمپ میں اکٹھے ہو رہے تھے، یہ کیمپ عدن میں واقع ہے۔ دھماکے کے دوران بہت سارے اہلکار مدد کیلئے پکار رہے تھے۔

حوثی باغیوں کی ویب سائٹ پر بیان میں بریگیڈیئر جنرل یحییٰ ثاریا کا کہنا تھا کہ باغیوں نے یو اے ای کی وفادار فورسز پر بیلسٹک میزائل داغا گیا، یمنی فورسز کی پریڈ عدن کے علاقے بریقہ میں ہو رہی تھی جب ان پر حوثی باغیوں نے میزائل حملہ کیا۔

 

یمن کے سینئر پولیس افسر عبدالدائم احمد کا کہنا ہے کہ ایک اور حملے اس وقت ہوا جب دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی، ایک بس اور 3 موٹرسائیکلوں نے پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنایا تھا جسکے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ حملے میں 4 خود کش بمبار ملوث تھے تاہم کسی گروہ نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔