مقبوضہ کشمیر: بھارتی ریاستی دہشتگردی، مزید تین جوان شہید کر دیئے

Last Updated On 04 August,2019 03:45 pm

سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی ہے، فوج نے مزید تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسزنے 2 افرادکو ضلع بارہمولا میں گولی مار کر شہید کیا، ایک اور نوجوان منظور احمد بٹ کو ضلع شوپیاں میں 40 گھنٹے کے طویل سرچ آپریشن کے بعد شہید کیا گیا۔ قابض فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچایا۔

شوپیاں کے علاقے پنڈو چھان میں ایک حملے کے دوران بھارتی فوج کا ایک اہلکار ہلاک مارا گیا جبکہ ایک زخمی ہو گیا تھا۔

شہادتوں کے بعد سینکڑوں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور زبردست مظاہرے کئے۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے گولیاں اور پیلٹ چلائے اور آنسو گیس کے گولے داغے جس کے باعث متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ قابض انتظامیہ نے ضلع شوپیاں موبائل فون انٹرنیٹ سروس معطل کر دی۔

بھارتی تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے نئی دہلی میں نظربند کشمیری تاجر ظہور وٹالی کی ایک کروڑ 73 لاکھ روپے مالیت کی جائیداد ضبط کر لی۔

حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل اور مسلم اکثریتی کردار ختم کرنے کی بھارت کی کوئی بھی کوشش لاحاصل مشق ہے۔ مسئلہ کشمیر ایک زندہ حقیقت ہے اور کسی بھی عدالتی، قانونی یا سیاسی اقدامات کے ذریعے اس کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا اور جلد یا بدیر اس دیرینہ تنازع کو حل کرنا ہی ہوگا۔