مقبوضہ کشمیر میں 22 ویں روز بھی کرفیو، فائرنگ، گیس شیلنگ جاری

Last Updated On 26 August,2019 06:13 pm

سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں جبری پابندیاں چوتھے ہفتے میں داخل، 22 ویں روز بھی کرفیو نافذ ہے، قابض فوج کا احتجاج کے لیے نکلنے والوں پر فائرنگ اور آنسوگیس کا استعمال جاری ہے۔ سورہ میں کشمیری بھارتی فوج کےسامنے سیسہ پلائی دیوار بنے ہیں، علاقے میں فوج کا داخلہ روکنے کے لیے 24 گھنٹے پہرہ دیا جا رہا ہے، آزادی کی جدوجہد میں خواتین بھی پیش پیش ہیں۔

مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی فوج کے حصار کا 22واں روز، کاروبار زندگی مکمل طور پر بند ہے، انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی معطل ہے، لوگ گھروں میں محصور ہیں۔ بھارتی فوج پیلٹ گن کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے، نوجوانوں کے جسم چھلنی کرکے رکھ دئیے۔ سورہ میں صورتحال مختلف ہے جہاں رہائشیوں نے علاقے کے تمام راستے بند کرکے قابض فوج کا داخلہ روک دیا۔ جگہ جگہ گڑھے کھود دئیے ہیں، مقامی افراد چوبیس گھنٹے پہرہ دےرہے ہیں۔

آزادی کی جنگ میں کشمیری خواتین بھی مردوں کےشانہ بشانہ ہیں۔ بھارت نے سری نگر کے سول سیکرٹیریٹ اور دوسری سرکاری عمارتوں سے کشمیر کےجھنڈے کو ہٹا دیا۔