بھارتی آرمی چیف پاکستانی انفارمیشن وار حکمت عملی سے خوفزدہ

Last Updated On 02 September,2019 11:15 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارتی آرمی چیف بپن راوت پاکستان کی انفارمیشن وار حکمت عملی سے خوفزدہ ہو گئے۔

 

دنیا نیوز کے مطابق بھارتی آرمی چیف نے خفیہ آپریشنل معلومات لیک ہونے کا انکشاف کر دیا، انہوں نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نےبھارت کوانفارمیشن وار فیئر میں مات دی ہے۔

 

بپن راوت کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے آپریشنل معلومات لیک ہونے کے واقعات سامنےآئے۔ اسی کے پیش نظر انہوں نے سابق افسروں کو سوشل میڈیا کےاستعمال سے محتاط کر دیا ہے۔

دوسری طرف بھارتی فوج کے ایک سابق لیفٹیننٹ جنرل سیّد عطاء حسنین بھی آئی ایس پی آر کے معترف ہو گئے، انہوں نے جنگی حربوں اورمہارت کے شعبے میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی بہترین حکمت عملی کوسراہا۔

سیّد عطا نے لندن میں سٹریٹجک علوم کے بین الاقوامی ادارے کےسیمینار میں پاک فوج کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے، پاک فوج کے شعبے نے اطلاعات کی جنگ میں بھارتی فوج کومکمل طورپر مات دیدی ہے۔

سابق لیفٹیننٹ جنرل کا کہنا تھا کہ آئی ایس پی آر نے بھارتی فوج اور کشمیریوں کے درمیان بڑھتی اجنبیت اور خلیج کو یقینی بنانے میں شاندار کردار ادا کیا۔ پاکستان نے اطلاعات کی جنگ میں جس حکمت عملی کا مظاہرہ کیا ہے وہ انتہائی قابل تعریف ہے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے ملک کے لئے بہترین پیشہ ورانہ خدمات انجام دی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت میں تنازعات کے حل کی سمجھ بوجھ کے فقدان کے باعث پلوامہ حملے جیسا واقعہ رونما ہو سکتا ہے۔ بھارتی فوج نے گزشتہ 30 سال میں کئی تذویراتی غلطیاں کی ہیں۔ فوجی کارروائیوں کونفسیاتی جنگ کے طور پر استعمال کرنا بھارت کی فاش غلطی تھی۔

سیّد عطا کا کہنا تھا کہ کشمیرکا مسئلہ طاقت کے استعمال سے حل نہیں کیا جاسکتا، بھارت کو بالآخر مقبوضہ کشمیر میں طاقت کے وحشیانہ استعمال کی پالیسی ترک کرناہو گی۔