سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ وادی میں بھارتی پابندیوں کا آج 48 واں روز ہے، بھارتی فوج نے کپواڑا میں گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ کی، 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔
کشمیری اپنے ہی گھروں میں قیدی بن کر رہ گئے، بھارتی فوج نے کپواڑا میں گھر پر دھاوا بول دیا اور سامان کی توڑ پھوڑ کی، پلواما میں 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔ مقبوضہ وادی میں 5 اگست سے کرفیو نافذ ہے، چپے چپے پر بھارتی فوج تعینات ہے۔
لوگوں کو گھروں سے نکلنے پر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، انٹرنیٹ، موبائل سروس بھی بند ہے، تمام حریت اور سیاسی رہنماؤں کو گھر اور جیلوں میں نظر بند کر رکھا ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز نماز جمعہ کے بعد وادی بھر میں مودی سرکار کے خلاف مظاہرے ہوئے، بارہمولا، کپواڑا، باندی پورہ، پلوامہ اور شوپیاں سمیت مختلف اضلاع میں شہری سڑکوں پر نکل آئے۔
آزادی کے حق میں اور مودی سرکار کے مظالم کے خلاف آواز بلند کرتے نہتے افراد پر قابض فوج نے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور گولیاں برسائیں جس سے متعدد کی حالت غیر ہوگئی۔