ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان کے ایک اہم ذاتی محافظ میجر جنرل عبدالعزیز الفغم کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ اس واقعے کو ذاتی تنازع کا نتیجہ قرار دیا جا ریا ہے۔
جرمن خبر رساں ادارے ڈوئچے ویلے کے مطابق میجر جنرل عبدالعزیز الفغم کے قتل کا یہ واقعہ جدہ میں پیش آیا۔ عبدالعزیز الفغم قبل ازیں سابق شاہ عبداللہ کے باڈی گارڈ کے فرائض بھی انجام دے چکے تھے۔
ان کی ہلاکت کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا اور لوگ فرائض کی انجام دہی کے دوران لی گئی ان کی تصاویر بھی شیئر کر رہے ہیں۔ ان میں سے ایک تصویر میں الفغم کو نیچے جھک کر 83 سالہ شاہ سلمان کے جوتوں کے تسمے باندھتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
الفغم کے قتل کی اطلاع سعودی سرکاری ٹیلی وژن کی طرف سے جاری کردہ ایک ٹویٹ میں دی گئی جس میں کہا گیا کہ میجر جنرل عبدالعزیز الفغم، خادمین الحرمین الشریفین کے ذاتی باڈی گارڈ جدہ میں ایک ذاتی تنازع کے نتیجے میں ہونے والی فائرنگ سے جان بحق ہو گئے ہیں۔
تاہم سعودی سرکاری پریس ایجنسی کی طرف سے بتایا گیا کہ الفغم اپنے ایک دوست کی فائرنگ سے مارے گئے۔ اس کے علاوہ اس تنازع کے دوران ایک اور سعودی شہری اور ایک فلپائنی ورکر زخمی بھی ہوئے۔
مزید یہ کہ اس واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز اور قاتل کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں مذکورہ شخص مارا گیا اور پانچ اہلکار زخمی ہوئے۔