دنیا کی کوئی طاقت ہمیں ’’آگے بڑھنے‘‘ سے نہیں روک سکتی: چینی صدر

Last Updated On 02 October,2019 11:20 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے قیام کو 70 برس مکمل ہونے پر عسکری پریڈ کے دوران فوجی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا، فوجی پریڈ کے دوران اتنی بڑی تعداد میں اسلحے کی نمائش کی گئی تھی جس کی پہلے کوئی مثال نہیں ملتی۔

امریکی خبر رساں ادارے سی این این کے مطابق اسلحے کی تاریخی نمائش کے ساتھ چین کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کی تقریبات کا آغاز، اس دوران ستر توپوں کی سلامی بھی دی گئی، بیجنگ کے ابدی امن کے چوک میں ہونیوالی بڑی فوجی پرینڈ میں 15 ہزار فوجی اہلکاروں، 160 طیاروں اور 580 ٹینکوں نے حصہ لیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق فوجی پریڈ کے دوران متعدد عسکری نظاموں کی نمائش کی گئی جن میں وہ بین البراعظمی میزائل بھی شامل تھے جو جوہری ہتھیاروں کو ساتھ لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس دوران صدر شی جنگ پنگ نے فوجی پریڈ کا معائنہ کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی صدر شی جنگ پنگ کا کہنا تھا کہ واضح کرنا چاہتا ہوں کوئی بھی ایسی طاقت نہیں جو چینی عوام کی پیشرفت اور قوم کو آگے بڑھنے سے روک سکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم مستقبل میں مکاؤ اور ہانگ کانگ میں ہم طویل مدتی استحکام برقرار رکھیں گے، مادر وطن کے ساتھ مکمل انضمام کی کوششیں لازمی طور پر آگے بڑھنا چاہئیں۔ خطاب کے دوران انہوں نے ملک میں اتحاد اور 1.4 ارب چینی شہریوں کی مزید فلاح و بہبود کا وعدہ بھی کیا۔سپر سونک بلیسٹک نیوکلیئر میزائل ڈی ایف۔17 کو چین کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر متعارف کرایا گیا جو امریکا کے دفاعی نظام کو توڑنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔

ہائپر سونک گائیڈ وہیکل کی وجہ سے یہ میزائل کم بلندی سے بھی ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جدید ترین ٹیکنالوجی کے موثر و ماہرانہ استعمال کی وجہ سے اس میزائل کی جائے وقوع کی نشاندہی انتہائی مشکل ہے۔

دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق ڈی ایف۔17 ہوا کی رفتار سے بھی 25 گنا تیز سفر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور صرف 30 منٹ میں امریکا پہنچ سکتا ہے۔
 

Advertisement